اسلام آباد: براڈ شیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے جسٹس (ر) عظمت سعید پر مشتمل 1 رکنی کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہرِ اقتدار میں براڈ شیٹ کیس پر انکوائری کمیشن کی تشکیل کردی گئی ہے جس کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔ یک رکنی کمیشن میں براڈ شیٹ کیس کی تحقیقات جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ کریں گے۔
وفاقی کابینہ ڈویژن نے نوٹیفیکیشن کے ساتھ ٹی او آرز بھی جاری کردیں۔ کمیشن کو تحقیقات کیلئے افسران اور ماہرین پر مشتمل کمیٹیاں بنانے کا اختیار حاصل ہے۔ کمیشن براڈ شیٹ اور آئی اے آر کے انتخاب، تقرری اور معاہدوں کی چھان بین کرے گا۔
تحقیقاتی کمیشن 2008ء میں براڈ شیٹ نامی برطانوی کمپنی کو پاکستان کی طرف سے کی جانے والی ادائیگیوں کی وجوہات اور اثرات کی نشاندہی بھی کرے گا۔ کمیشن کی تشکیل وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی حکومت نے براڈ شیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ کے سابق جج عظمت سعید شیخ پر مشتمل ایک رکنی کمیشن تشکیل دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے 4 روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ کمیٹی اب انکوائری ایکٹ 2017 کے تحت تشکیل دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: براڈ شیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے ایک رکنی کمیٹی تشکیل دے دی