وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے دوران حالات اگر اپوزیشن نے کنٹرول نہ کیے تو حکومت بھی نہیں کرے گی، کوشش ہے مشکل صورتحال پیدا نہ ہو۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی وزیر اعظم عمران خان سے آج ملاقات کرے گی جس میں اہم فیصلے ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سارے چور مل بیٹھیں تو تھانے دار کو ایماندار سمجھنا چاہئے۔مراد سعید
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ عمران خان ملک کے وزیر اعظم ہیں اور علمائے کرام کے لیے جائز نہیں کہ وہ ان پر نامناسب اور بے ہودہ الزام لگائیں، ہم کوشش کریں گے کہ رہبر کمیٹی معاہدے پر قائم رہے۔ انہیں قائل کریں گے۔
نور الحق قادری نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں انتشار پھیلایا گیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری رہبر کمیٹی پر عائد ہوگی، ہم چاہتے ہیں کہ کوئی پاکستان کے سادہ لوح عوام کے دینی اور روحانی جذبات سے نہ کھیلے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پر اپوزیشن کی الزام تراشی بے جا ہے۔ انہوں نے اسلامی تعاون کی تنظیم اور اقوامِ متحدہ جیسے پلیٹ فارم پر مسئلۂ کشمیر اور اسلام کے حق میں آواز بلند کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ کیا پاکستان افغانستان ہے جہاں جتھے دارلخلافہ پر حملہ کر کے منتخب وزیر اعظم کو مستعفیٰ ہونے کی دھمکیاں دیں گے؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں فواد چوہدری کاکہناتھاکہ اپوزیشن کا رویہ پاکستان کی اساس کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔
مزید پڑھیں: اپوزیشن کارویہ پاکستان کی اساس کوتباہ کرنے کے مترادف ہے، فوادچوہدری