اسلام آباد: پاکستان ریلوے نے کورونا کی روک تھام کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا، 15 ستمبر کے بعد ویکسین نہ لگوانے والوں کو ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے یہ معاندانہ اقدام نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی (این سی او سی) کی ہدایات پر اٹھایا۔ ترجمان ریلوے نے کہا کہ جو مسافر 15 ستمبر تک اپنی ویکسینیشن مکمل نہیں کرتے، وہ ریلوے ٹکٹ سے محروم رہیں گے۔
ترجمان ریلوے نے مزید کہا کہ رواں ماہ 15 ستمبر تک ویکسین کی کم از کم 1 خوراک اور 15 اکتوبر تک مکمل خوراکیں لگوانے والے افراد ہی ٹرین میں سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔ ٹکٹ چیکنگ کے دوران ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی چیک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی مسافر کے ویکسین نہ لگوانے کی تصدیق ہونے پر اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔ اس حوالے سے ہر ریلوے اسٹیشن کی حدود میں عوام کی آگہی اور سہولت کیلئے ہم نے بینرز اور پوسٹرز بھی آویزاں کردئیے ہیں تاکہ سب کو پتہ چل جائے۔
قبل ازیں پاکستان ریلوے کا ادارہ ٹرینوں میں سفر کیلئے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے چکا ہے۔ ترجمان ریلوے نے کہا تھا کہ 20 سال سے زائد العمر افراد کا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ چیک کیا جائیگا جس کے بعد ویکسین لگوانے کے عمل میں تیزی آئی۔
یکم ستمبر سے پاکستان ریلوے نے صرف 20 سال سے کم عمر افراد کو ہی ویکسین کے بغیر سفر کی اجازت دی ہے اور بغیر ویکسین لگوائے سفر کرنے والوں سے 10 فیصد اضافی کرایہ بھی لیا جارہا ہے تاہم ٹکٹ لینے سے روکنے کا اطلاق 15 ستمبر سے ہوگا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں پر پابندیاں سخت کردی گئیں، سرٹیفکیٹ نہ دکھانے والے افراد کی شاپنگ مال آمد پر گرفتاری کا حکم دے دیا گیا۔ ویکسین نہ لگوانے والوں کو پٹرول بھی نہیں دیاجائے گا۔
گزشتہ روز یکم ستمبر سے بغیر ویکسین لگوائے شاپنگ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ریسٹورنٹس میں کھانا اور سفر کرنا بھی ویکسینیشن سے مشروط کردیا گیا۔ایسے افراد کو لاری اڈہ استعمال کرنے یا ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے کی بھی اجازت نہیں۔
مزید پڑھیں: ویکسین نہ لگوانے پر گرفتاری، یکم ستمبر سے پٹرول بھی نہیں ملے گا