پنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کر لیا۔ لاہور میں آئندہ ماہ کے آغاز سے ہی کورونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو پٹرول فروخت نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پٹرول پمپس پر نئے بینرز لگوا دئیے جن کے تحت کورونا کی روک تھام کیلئے ویکسین نہ لگوانے والے افراد پر نئی پابندیاں عائد کردی گئیں۔
داتا کی نگری لاہور کے پٹرول پمپس پر آویزاں کیے گئے بینرز پر تحریر ہے کہ یکم ستمبر سے کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ نہ دکھانے والوں کو رقم ادا کرنے پر بھی پٹرول فروخت نہیں کیا جائے گا۔
جو لوگ ویکسینیشن کروائیں گے، پٹرول صرف انہیں فروخت کیا جائے گا جبکہ موٹر وے پولیس نے ہائی ویز اور موٹر ویز پر ایک جگہ سے دوسری جگہ سفرپر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
فیصلے کے تحت جو لوگ کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نہیں دکھائیں گے، انہیں سفر سے روک دیا جائے گا۔ موٹر وے پولیس کے مطابق آئندہ ماہ کی 15 تاریخ سے مسافروں کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی ساتھ رکھنا ہوگا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ آئندہ ماہ کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد ٹرانسپورٹ استعمال نہیں کرسکیں گے، گھروں سے نکلنا بھی بند ہوجائے گا۔
این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے 3 روز قبل معاونِ خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں 89 فیصد اساتذہ اور عملے کی ویکسینیشن مکمل کر لی گئی۔
مزید پڑھیں: ویکسین نہ لگوانے والوں کیلئے پابندیاں سخت، گھروں سے نکلنا بند