نکاٹی کے نومنتخب عہدیداروں نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

NKATI new Office Bearers Assume Charge

کراچی : نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آ ف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر فیصل معیز خان، سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل اور نائب صدرنعیم حیدر اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا ہے۔

نومنتخب رہنماؤں نے نکاٹی کے اجلاس عام میں صنعتکاروں کو درپیش مسائل حل کوترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ فیصل معیز خان نے اس موقع پر کہا کہ وہ نکاٹی کے ممبران کے مشکور ہیں جنہوں نے انہیں خدمت کا موقع فراہم کیا لہٰذا وہ معزز ممبران کے اعتماد اور توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پیداواری سرگرمیوں کو بلا رکاوٹ جاری رکھنے میں ایک ٹیم ورک کے ساتھ بھرپور کردار ادا کریں گے۔

صدر نکاٹی نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا کومثالی بنانے اور ممبران کے مفادات کے تحفظ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اور ان کی ٹیم مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے ممبران کا ساتھ دے گی اور ہر فورم پر مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے مضبوط آواز بلندکی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ نکاٹی کی بنیاد میرے مرحوم والد کیپٹن اے معیز خان نے رکھی تھی جس کا مقصد نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا کو ایک جدید صنعتی علاقہ بنانا تھا اور وہ اس صنعتی ایریا کو کراچی کے تمام صنعتی زونز میں ایک مثالی بنانے میںکامیاب رہے۔

ہم ان کے مشن کو آگے بڑھائیںگے اور صنعتکار برادری کی خدمت کے جذبے کے تحت ترجیحی بنیادوں پر ان کے مسائل کو حل کرنے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

فیصل معیز خان نے اپوزیشن اراکین کو دعوت دی کہ وہ صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ہمیں مخالفت کی بجائے ایک دوسرے کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں۔

نارتھ کراچی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین بورڈفراز مرزا نے سابق عہدیداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ کوئی شک نہیں کہ سابق صدر نکاٹی نسیم اختر ، سابق سینئر نائب صدر عمران معیز خان اور نائب صدر فواد الہیٰ شمسی نے نارتھ کراچی صنعتی ایریاکی بہتری اور ترقی کے لیے دن رات کام کیا۔

مزید پڑھیں:نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں ’’صفائی مہم‘‘ کا آغاز

انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیصل معیز خان ممبران کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اسی طرح کی کوششیں جاری رکھیں گے۔

نکائی کے سی ای او صادق محمد نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیدار اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خدمت کو شعار بنائیں گے اور نارتھ کراچی ایسوسی ایشن کی بہتری کے لیے کام کریںگے تاکہ ایسوسی ایشن اپنے ممبران کی بہتر اورمؤثر طریقے سے خدمت کرسکے۔

Related Posts