لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیازی نیب گٹھ جوڑ ایک بار پھر ناکام ہوگیا، ہماری نیک نیتی کی گواہی عدالت عظمیٰ میں بھی سنی گئی، نواز شریف اور ان کی ٹیم کی بے گناہی ایک ایک کر کے سامنے آرہی ہےاللہ کا شکر ہے جس نے سچ اور جھوٹ کو الگ الگ کر کے دکھا دیا۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے گٹھ جوڑ سے میرے اثاثے منجمد کیے گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ میں نے ہمیشہ کہا کہ عمران نیازی اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے، اللہ تعالیٰ نے گزشتہ رور سپریم کورٹ میں ہمیں سرخرو کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کر لیا گیا اور دونوں مقدمات میں میرٹ پرضمانت ہوئی لیکن نیب نے چیلنج کر دیا تھا۔صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ملک کی سیاسی صورت حال پر تشویش ہے، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری ہے اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے یک جہتی ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے کاز کے لیے اٹھ کھڑے ہوں گے اور ان کی آواز اور کاز کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کے لیے پاکستان میں اتحاد کی ضرورت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ گزشتہ روز ایک مرتبہ پھر جھوٹ اور سچ کو الگ کرکے دکھا دیا اورآج سچائی کی تیز روشنی کو پوری قوم دیکھ رہی ہے۔
مزید پڑھیں: آشیانہ اقبال ہاؤسنگ ، شہباز شریف کے خلاف کیس ثابت نہ ہونے پر درخواست واپس