کرائسٹ چرچ: میزبان ٹیم نیوزی لینڈ پاکستان کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز میں کلین سویپ کرنے میں کامیاب رہا جبکہ شکست قومی کرکٹ ٹیم کا مقدر بن گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میزبان نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 176 رنز اور 1 اننگز کے طویل فرق سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ہرایا جو پہلی اننگز کے مقابلے میں دوسری اننگز کے دوران زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی۔
قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں بری طرح پٹ گئی، کرکٹ ٹیم نے اپنی تمام وکٹیں 186 رنز پر گنوادیں۔ اظہر علی اور ظفر گوہر نے سب سے زیادہ 37، 37 رنز بنائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں سے فہیم اشرف 28، عابد علی 26 جبکہ فواد عالم 16 رنز بنا سکے حارث سہیل 15 جبکہ محمد رضوان 10 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ ٹیم میں سب سے زیادہ وکٹیں کائل جیمیسن نے لیں۔
کائل جیمیسن نے 6 جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے 3 پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کپتان کین ولیمسن نے بھی 1 وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں پاکستانی کرکٹ ٹیم پہلی اننگز میں 297 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں کپتان کین ولیمسن نے ڈبل سنچری کی تھی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلرز دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں بری طرح پٹ گئے، کپتان کین ولیمسن کی شاندار اننگز کے باعث مجموعی طور پر نیوزی لینڈ کا اسکور 659رنز تک پہنچ گیا۔
ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ ہیگلے اوول میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 154 اوورز کھیل کر 599 رنز بنائے جبکہ ان کے 6 کھلاڑی پویلین جا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: کین ولیمسن کی ڈبل سنچری، نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 659رنز بنا لیے