نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے اپریل کے دوران پاکستان آمد کی ہامی بھر لی، پی سی بی کی جانب سے نیوزی لینڈ کے دورۂ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ (ڈان نیوز) کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ 14اپریل کو پاکستان پہنچے گی اور قومی کرکٹ ٹیم کے خلاف 5 ٹی 20 میچز پر مبنی سیریز کھیلے گی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 18، 20 اور 21 اپریل کو 3 ٹی 20 میچز کھیلے جانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
بعد ازاں لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں 25 اور 27 اپریل کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 5 میچز پر مبنی ٹی 20 سیریز کے فیصلہ کن میچز ہوں گے۔ تمام میچز کا آغاز رات 7 بجے ہوگا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ سیریز کیلئے ٹکٹ سستے کردئیے۔
شائقینِ کرکٹ کچھ عرصے کے بریک کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کو ایکشن میں دیکھیں گے۔ کم و بیش ڈیڑھ سال بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کا تیسرا دورہ کرے گی، جنوری 2023 اور دسمبر 2022 میں بھی کیوی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا اور دلچسپ میچز کھیلے۔
خیال رہے کہ کیویز کے دورے سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا 2 رکنی سکیورٹی وفد پاکستان پہنچا تھا جس نے جڑواں شہروں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
قومی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے تیار ہے جس سے قبل کیوی بورڈ کا وفد رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان پہنچا جس میں پلیئر ایسوسی ایشن کے ہیتھ ملز اور آزاد سکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن شامل تھے۔