رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور وکی کوشل کی اسٹار پاور سے سجی سنجے لیلا بھنسالی کی نئی فلم ‘لو اینڈ وار’ سے متعلق نئی اپڈیٹ سامنے آگئی۔
‘لو اینڈ وار’اپنے اعلان کے بعد سے ہی خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے، تاہم حالیہ دنوں میں کچھ ایسی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ یہ موسٹ اوویٹڈ فلم شاید اپنی مجوزہ ریلیز ڈیٹ مارچ 2026 تک مکمل نہ ہو سکے۔
تاہم اب ان خبروں کی تردید سامنے آ چکی ہے اور قریبی ذرائع نے واضح کر دیا ہے کہ فلم کی تیاری شیڈول کے مطابق جاری ہے۔
‘لو اینڈ وار’ کا شمار آئندہ برس کی اُن فلموں میں کیا جا رہا ہے جنکا مداح بےصبری سے انتظار کررہے ہیں اور اس کی وجہ بھی واضح ہے، رنبیر، عالیہ اور وکی پہلی بار اس فلم میں ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے، وہ بھی سنجے لیلا بھنسالی جیسے فلمساز کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم، جو اپنی فلموں میں مخصوص انداز اور گہرے جذباتی مناظر کے لیے مشہور ہیں۔
ابتدائی اعلان کے مطابق فلم کو کرسمس 2025 کے موقع پر ریلیز ہونا تھا، مگر بعد میں ریلیز کی تاریخ تبدیل کرکے مارچ 2026 تک منتقل کر دی گئی۔
حال ہی میں ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فلم کی شوٹنگ میں ایک اہم سین نومبر 2025 میں فلمایا جانا ہے، جس کے باعث فلم جنوری 2026 تک مکمل ہوگی۔
اس حساب سے مارچ 2026 میں فلم کی ریلیز بعید از قیاس دکھائی دے رہی تھی، کیونکہ پوسٹ پروڈکشن کا عمل بھی خاصا وقت لیتا ہے۔
لیکن ان تمام قیاس آرائیوں کو غلط قرار دیتے ہوئے پروڈکشن سے وابستہ معتبر ذرائع نے بتایا کہ ‘لو اینڈ وار کی شوٹنگ اپنے شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے اور فلم کی تیاری میں کسی بھی قسم کی تاخیر نہیں ہوئی، ایسی خبریں محض افواہیں ہیں اور ان میں کوئی حقیقت نہیں’۔
فلمی شائقین کی نظریں سنجے لیلا بھنسالی کی اس نئی آنے والی فلم پر جمی ہوئی ہیں، جوکہ رنبیر اور عالیہ کی ایک ساتھ دوسری جبکہ وکی کوشل کے ساتھ پہلی فلم ہوگی۔
بالی وڈ میں کسی پروجیکٹ کو شاہکار بنانے کے لیے سنجے لیلا بھنسالی کا نام ہی کافی سمجھا جاتا ہے اور اب جبکہ 3 بڑے ستارے ایک ساتھ جُڑ رہے ہیں، تو فلمی شائقین کی توقعات اپنی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔