انقرہ: 1360 کلوگرام وزنی ہتھیار اٹھا کر 25 سے 30 گھنٹے فضا میں رہنے کی صلاحیت رکھنے والا جدید ترین ڈرون ترک فوج کے حوالے کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترک کمپنی بیرکتر نے اقینجی کے نام سے ترکی کا جدید ترین ڈرون ترک فورسز کے حوالے کیا ، تقریب میں صدر رجب طیب ایردوان مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ اقینجی کی تیاری سے ترکی ڈرون ٹیکنالوجی میں صفِ اول کے 3 ممالک میں شامل ہوگیا جس کی خصوصیات بہترین ہیں۔
اقینجی ڈرون 25 سے 30 گھنٹے تک مسلسل فضا میں رہتے ہوئے 9 ہارڈ پوائنٹس پر 1360 کلو گرام وزنی ہتھیار اٹھا سکتا ہے جسے مستقبل قریب میں ریڈار اور میزائل سے لیس کرنے کی تیاری جاری ہے۔
ترکی کا یہ جدید ترین ڈرون اسمارٹ مائیکرو میونیشن کے ساتھ کروز میزائل اور 30 کلومیٹر تک مار کرنے والے گائیڈڈ میزائلز سے لیس ہے جو 40 ہزار فٹ کی بلندی تک اڑ سکتا ہے۔
عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے حامل ترک ڈرون اقینجی میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جس کی مدد سے یہ ڈرون دشمن کے حملوں سے بچنے کیلئے نئی باتیں سیکھ سکتا ہے، ڈرون سے ترکی کا دفاع مضبوط ہوگا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل اسلام آباد پولیس نے شہر کے تفریحی مقامات کی نگرانی ڈرونز ٹیکنالوجی سے کرنے کا فیصلہ کر لیا، آئی جی پولیس نے ڈرون کیمروں کے ذریعے پٹرولنگ کی ہدایات جاری کردیں۔
آئی جی پولیس نے گزشتہ ماہ 25 اگست کے روز ایس پی آپریشنز کے ہمراہ ٹریل 5 کے دورے کے دوران ڈرونز ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پیدل سفر کرنے والوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔
مزید پڑھیں: تفریحی مقامات کی نگرانی ڈرونز ٹیکنالوجی سے کرنے کا فیصلہ