کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر میں گوشت کی نئی سرکاری قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
سرکاری نرخوں کے مطابق بیف (ہڈی والا) 750 روپے فی کلو، بیف (بغیر ہڈی) 950 روپے فی کلو، بچھیا کا گوشت (ہڈی والا) 1000 روپے فی کلو، بچھیا کا گوشت (بغیر ہڈی) 1150 روپے فی کلومقرر کیا گیا ہے۔
کراچی میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث عوام پہلے ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخوں کے باوجود بیشتر قصاب اپنی مرضی کی قیمتیں وصول کر رہے ہیں جس کے باعث گوشت خریدنا متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے مزید مشکل ہو گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق کئی علاقوں میں بیف 900سے 11روپے جبکہ بچھیا کا گوشت 1400سے 1600روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ دکانداروں کا مؤقف ہے کہ گوشت کی قیمتوں میں اضافہ جانوروں کی بلند قیمتوں اور دیگر اخراجات کی وجہ سے ہوا ہے۔
شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔