کراچی میں رواں ہفتے ہونے والی بارش سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ سمندری طوفان کا نیا الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں دو روز کی بارش نے شہر کو پانی پانی کردیا۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا کا سیوریج سسٹم تیز بارش سے قبل جواب دے گیا۔ قیوم آباد سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
کورنگی ڈھائی نمبر جانے والی سڑک پانی سے بھر گئی۔ سٹی کورٹ کے داخلی راستے پر بھی بارش کا پانی جمع رہا۔ ڈیفنس میں تیز ہواؤں کے باعث درخت جڑ سے اکھڑ گیا جبکہ سمندری طوفان شاہین کے حوالے سے نیا الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کا سسٹم آج شام تک شمال مغرب کی جانب بڑھے گا۔ بعد ازاں طوفان اپنا رخ بدل کر جنوب مغرب میں مسقط کی ساحلی پٹی کا رخ کرے گا۔ فی الحال طوفان شمال مغرب کی طرف 15کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان شاہین سے متعلق چھٹا الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بحیرہ عرب میں موجود طوفانی سسٹم شدید سمندری طوفان شاہین میں بدل چکا ہے۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کی جانب سے جاری ہونے والے الرٹ کے مطابق گزشتہ روز تک سمندری طوفان شاہین کراچی کے جنوب مغربی حصے میں 400 کلومیٹر کی دوری پر تھا۔
مزید پڑھیں: سمندری طوفان شاہین، محکمہ موسمیات نے چھٹا الرٹ جاری کردیا