کراچی: پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جگہ نئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی آج ہونے کا امکان ہے جس کیلئے نام سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت آج ہی ایم کیو ایم کے نامزد کردہ سیاسی یا سرکاری ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کی منظوری دینے کیلئے تیار ہے۔ سیاسی ایڈمنسٹریٹر کے طور پر ایم کیو ایم رہنما عبدالوسیم کو تعینات کیاجاسکتا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب عہدے سے مستعفی
دوسری جانب بعض میڈیا رپورٹس میں یہ کہا گیا ہے کہ اگر کسی سرکاری افسر کو تعینات کیا گیا تو ڈاکٹر سیف الرحمان کا نام بھی نئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے طور پر سامنے آسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے مطالبات سامنے رکھتے ہوئے ایک ضلعی میونسپل ایڈمنسٹریٹر بھی آج ہی تبدیل کیاجاسکتا ہے۔ ڈی ایم سی ایسٹ میں ایم کیو ایم کا ہی ایڈمنسٹریٹر مقرر کیے جانے کے قوی امکانات ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے شہر کی ترقی کیلئے کام نہیں کرنے دیا گیا۔
شہرِ قائد میں ستمبر کے آخر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی شہر کیلئے نہ دن دیکھا نہ رات، بس کام کیا، جس بلدیہ عظمی کے لیے کہا گیا کہ اس کے پاس اختیارات نہیں اسی نے کام کیا لیکن پذیرائی نہیں کی گئی۔