اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری تھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا۔
اعلامیے کے مطابق بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے سے فی یونٹ بنیادی ٹیرف 29 روپے 78 پیسے ہوجائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف کا تعین سال 24-2023 کیلئے کیا گیا ہے، اس سے پہلے بجلی کا بنیادی ٹیرف 24 روپے 82 پیسے تھا۔
نیپرا کے مطابق بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھنےکی وجہ روپے کی قدر میں کمی ہے، بجلی کی فروخت میں کمی اور کپسیٹی ادائیگیاں بنیادی ٹیرف میں اضافے کی وجوہات ہیں۔
وزیر اعظم کا ایم ڈی، آئی ایم ایف سے اسٹینڈ بائی معاہدے پر اظہارِ تشکر
نیپرا نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ریونیو کا تخمینہ 3281 ارب روپے متوقع ہے۔
بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کے متعلق نیپرا نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا۔
دوسری جانب نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کیلیے بھی بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ کردیا۔1 ماہ کیلئے فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 44 پیسے کا اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔
نیپرا اتھارٹی نے ایف سی اے کی مد میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔