نیلم منیر نے شادی کے بعد شوبز چھوڑنے کی خبروں کی تردید کردی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Neelam Munir clears the air on her showbiz career’s future after marriage
FILE PHOTO

پاکستانی اداکارہ نیلم منیر نے شادی کے بعد شوبز انڈسٹری چھوڑنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے کیریئر کو جاری رکھیں گی۔

نیلم منیر نے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے واضح الفاظ میں لکھا، “میں شوبز نہیں چھوڑ رہی۔”

اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں نیلم منیر نے ان افواہوں پر بات کی جو ان کی شادی اور شوبز کیریئر کے حوالے سے گردش کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط معلومات کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا، “میرے بارے میں بہت سی افواہیں گردش کر رہی ہیں، اس لیے میں نے سوچا کہ خود وضاحت کر دوں تاکہ تمام غلط فہمیاں دور ہو جائیں۔”

نیلم نے تصدیق کی کہ وہ شادی شدہ ہیں لیکن شوبز نہیں چھوڑ رہیں۔ انہوں نے کہا، “ہاں، میں شادی کر چکی ہوں، لیکن نہیں، میں شوبز انڈسٹری نہیں چھوڑ رہی۔”

 

اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اداکاری ان کا جنون ہے اور وہ اپنے اس خواب کو نہیں چھوڑ سکتیں۔ انہوں نے لکھا، “اداکاری میرا شوق اور میرا جذبہ ہے اور میں وہ چیز کیسے چھوڑ سکتی ہوں جسے میں اتنا پسند کرتی ہوں؟ اللہ آپ سب کو خوش رکھے۔”

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل نیلم منیر کی دبئی میں مقیم پاکستانی شہری محمد راشد سے اچانک شادی کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں۔

ان کی شادی کی تصاویر اور خبریں انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئیں لیکن اداکارہ نے اپنے شوہر کے نام یا دیگر تفصیلات سے متعلق کوئی تصدیق نہیں کی، جس کے باعث ان کے مداحوں میں مزید تجسس پیدا ہو گیا۔

اس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں کہ وہ شادی کے بعد اداکاری کو خیرباد کہہ دیں گی تاہم نیلم منیر نے ان تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کا شوبز کیریئر جاری رہے گا۔

Related Posts