نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کراچی میں سیلاب سے متاثرہ عوام کی امداد کیلئے 32 طبی اور 56 ریلیف کیمپ قائم کردئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تحت بارش کے بعد مشکلات میں پھنسے ہوئے عوام کو مصیبت سے نکالنے کا کام جاری ہے۔ اب تک 8 ہزار 700 افراد کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے نکال لیا گیا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج، نیوی اور سول انتظامیہ عوام کو مشکلات سے نکالنے کے کام میں مصروف ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق کراچی کے علاقے یوسف گوٹھ ، سرجانی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں سے 175 خاندانوں جبکہ ضلع دادو سے 300 افراد کو نکال لیا گیا۔
اقوامِ متحدہ کے تحت عالمی ادارۂ صحت (ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن) نے ایمرجنسی کٹس، سرجیکل ماسک اور حفاظتی سامان این ڈی ایم اے کے حوالے کیا جو شعبۂ طب کے کارکنان امدادی کارروائیوں کے دوران استعمال کرسکیں گے۔ کراچی میں بارش کی تباہ کاریوں سے پریشان عوام الناس کی مدد جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش کا پانی جمع، سامان تباہ، اربوں کا نقصان