اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور جرمن تنظیم ویلٹ ہنگر ہیلف نے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں جرمن تنظیم ویلٹ ہنگر ہیلف کی کنٹری ڈائریکٹرعائشہ جمشید نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
سعد رفیق کی اسلام آباد میں سعودی سفیر سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر گفتگو
ملاقات کے دوران پاکستان میں حالیہ سیلاب کے پیشِ نظر غذائی تحفظ کے انتظام کے مختلف طریقوں پاور گفتگو ہوئی۔ کمزور طبقات کے تحفظ کیلئے آفات سے نمٹنے کے پائیدار ماڈلز پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ موسمیاتی ماہرین کیلئے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جانا چاہئے۔ این ڈی ایم اے اور جرمن تنظیم نے باہمی تعاون پر مبنی تربیتی پروگرامز پر اتفاق کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں 1 ہزار 700 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔ ہزاروں افراد زخمی اور لاکھوں مویشی ہلاک ہو گئے۔ لاکھوں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔
این ڈی ایم اے سمیت دیگر اداروں نے عوام کی امداد کیلئے سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ پاکستان کی مسلح افواج نے بھی سیلاب زدگان کی امداد کیلئے آپریشنز کیے تاہم سیلاب زدگان کی مکمل بحالی تاحال نہ ہوسکی۔