اسلام آباد :نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے منگل کو تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد کل سے مڈل اسکول دوبارہ کھولنے کی منظوری دیدی ہے۔
پہلے مرحلے میں یونیورسٹیوں ، نویں اور دسویں جماعت کے کالجوں اور اسکولوں کو معیاری آپریٹنگ طریقہ کار پرعمل درآمد کے تحت 15 ستمبر سے دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔ تیسرے مرحلے میں پرائمری اسکولوں کو 30 ستمبر سے دوبارہ کھولنے کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں کے دوبارہ آغاز کے دوسرے مرحلے کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ سرکاری اسکولوں میں کورونا وائرس ایس او پیز کی 100 فیصد پیروی نہیں کی گئی ہے لیکن صورتحال نسبتاً بہتر ہے۔
سندھ میں پانچویں سے آٹھویں جماعتیں 21 ستمبر کو دوبارہ شروع نہیں ہوں گی اور ایک ہفتے کے بعد صورتحال کا تجزیہ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: وزیر تعلیم سعید غنی لاڑکانہ پہنچ گئے، سرکاری اور نجی اسکولوں اورکالجز کا دورہ
حالت بہتر ہونے پر مڈل کلاسز 28 ستمبر کو شروع کی جاسکتی ہیں لیکن صورتحال خراب ہونے پر ملتوی کردی جائے گی۔
وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں 6 سے 8 تک کی کلاسیں اعلان شدہ شیڈول کے مطابق 28 ستمبر سے ہی کھلیں گی۔
ہم نے چند روز قبل یہ فیصلہ صوبے میں پہلے فیز کے کھلنے کے بعد زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر کیا تھا،تمام سرکاری اور نجی اسکولز سندھ حکومت کے 28 ستمبر کو کلاس 6 سے 8 کھولنے کے پابند ہوں گے۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ جب تک نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں ہوتا ہم مزید بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔