سروسز اسپتال لاہور میں سابق وزیراعظم نوازشریف کاعلاج جاری ہے ،نواز شریف کے پلیٹلٹس(خون میں موجود سفید خلیے) خطرناک حد تک کم ہیں، ڈاکٹرز نےنوازشریف کو او پازیٹیو خون لگانے کی سفارش کی ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹلیٹس اس وقت 10 ہزار کے قریب ہیں، نواز شریف کا بلڈ گروپ او پازیٹو ہے اور نواز شریف کو پلیٹلیٹس لگانے کے لیے نوجوانوں کا خون بہتر رہے گا۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال نوازشریف کو دی گئی خون پتلا کرنے والی دوائی روک دی گئی ہے. معالجین نے نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں مزید کمی کو دیکھتے ہوئے انہیں نئے پلیٹ لیٹس لگانے کی تیاری کرلی ہے، اس سلسلے میں تمام ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نوازشریف سروسزاسپتال کے وی آئی پی کمرے میں زیرعلاج ہے، اسپتال کاوی آئی پی کمرہ نیب کی سب جیل قرار دیا گیا ہے اور اسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعظم نواز شریف تشویش ناک حالت میں جیل سے سروسزاسپتال منتقل
نواز شریف سے ڈاکٹرز کےسوا کسی کوملاقات کی اجازت نہیں اور ان کے اسپتال میں داخل رہنے تک نیب اور پولیس اہلکار موجود رہیں گے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ والد کے خون میں پلیٹلیٹس کی کمی کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتی ہے، اگر نواز شریف کو کوئی نقصان پہنچا تو آپ جانتے ہیں کون لوگ اس کے ذمہ دار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کو کس طرح معلوم ہوا کہ پلیٹلیٹس خون پتلا کرنے والی دوائی سے کم ہوئے؟ خون کے ٹیسٹ کی وہ رپورٹ سامنے لائی جائے جو یہ ثابت کریں؟ تاریخ گواہ ہے ایسی روش کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکی۔
مزید پڑھیں: ڈاکٹر عدنان کی دواؤں سے نواز شریف کی طبیعت ناساز ہوئی۔نیب کا الزام