لاہور: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کے مرض کی تشخیص کر کے ان کا علاج بھی شروع کر دیا گیا ہے ،بون میرو ٹھیک ہے اور وہ پلیٹس لیٹس بنا رہا ہے ۔
میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ایاز محمود اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کا ایک مسئلہ نہیں ہے بلکہ ان کے بہت سے مسائل ہیں جن میں شوگر، بلڈ پریشر ، دل اور کڈنی کے امراض ہیں،ان کی تمام رپورٹس ان کے معالج اور خاندان کے افراد سے شیئر کر رہے ہیں اوروہ دنیا میں جہاں بھی دکھانا چاہیں دکھا لیں۔
یاسمین راشد نے کہا کہ ہم نے پیشکش کی ہے کہ اگر باہر سے ڈاکٹر بلوانا چاہتے ہیں تو جہاز تیار ہے ،اگر نواز شریف کو باہر جانے کی ضرورت ہوئی تو اس کیلئے انہوں نے جہاں سے اجازت لینی ہے وہ ان کو پتہ ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کو آئی ٹی پی کی تشخیص ہوئی ہے اور اس کا علاج بھی شروع کر دیا گیا ہے ،ڈاکٹروں کے مطابق اس کے نتیجے میں نواز شریف کی صحت بہت جلد بحال ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کا بون میرو ٹھیک ہے اور وہ پلیٹس لیٹس بنا رہا ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ وہ ڈسٹرائے ہو رہے ہیں۔ایک سوال پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ میں کل میاں صاحب کے پاس گئی تھی اور انہیں وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا تھا۔
ہمارا جہاز ہر وقت تیار ہے وہ جہاں سے چاہیں ڈاکٹر بلوالیں لیکن نواز شریف نے ڈاکٹر ایاز محمود اور ڈاکٹر طاہر سمشی کے علاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ مریم اورنگزیب جو کچھ کہہ رہی ہیں ان کو جواب دینے کے لیے اور بہت موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن کی طبیعت خراب ہے میں ان سے متعلق بات کرنے آئی ہوں۔انہوں نے کہا کہ پہلے نواز شریف کو اینٹی بائیوٹک دے رہے ہیں اس کے بعد پلیٹس لیٹس لگائیں گے تاکہ وہ ضائع نہ ہوں۔
سابق وزیراعظم کو انجکشن دینے شروع کردیے ہیں۔ جو ٹریٹمنٹ دے رہے ہیں اس کے نتائج آج سے آنا شروع ہوں گے او رڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کی صحت دنوں میں بحال ہو جائے گی۔