لاہور: ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ کی بدترین شکست پرسابق وزیراعظم نواز شریف نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کرکے رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کردی۔
مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق نواز شریف پارٹی قیادت کی کارکردگی سے نالاں ہیں اور انہوں نے لیگی وزرا اور عہدے داروں کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے اعلی قیادت سے ضمنی انتخابات میں شکست کی فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی۔
ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ قیادت کی جانب سے نواز شریف کو ضمنی انتخابات میں شکست کی ابتدائی رپورٹ ارسال کردی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ، بجلی کے بھاری بل، پارٹی کا مفاہمانہ بیانیہ اور قیادت کی عدم دلچسپی شکست کی وجوہات بنیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی سرخرو ہوئی ہے اور پیپلزپارٹی کی پنجاب میں واپسی ہوئی ہے۔
اداروں کیخلاف متنازع ٹوئٹس، اعظم سواتی کے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد
ذرائع کا کہنا ہے کہ شکست کے مکمل اسباب جاننے کے لیے پارٹی سربراہ میاں نواز شریف نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ یہ کمیٹی دو روز میں پارٹی کی شکست کی وجوہات کی رپورٹ نواز شریف کو ارسال کرے گی۔