لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے پی ٹی آئی کا ایجنڈا آگے بڑھایا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ عدالتیں قوموں کو بحرانوں سے نکالتی ، نہ کہ بحرانوں میں دھکیل دیا کرتی ہیں۔
صدر مملکت کی جانب سے سپریم کورٹ بل کی واپسی افسوسناک
ٹوئٹر پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے نہ جانے کون سا اختیار استعمال کرتے ہوئے اکثریتی فیصلے پر اقلیتی رائے مسلط کردی۔
ن لیگ کے تاحیات قائد نواز شریف نے کہا کہ اپنے منصب اور آئین کی توہین کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے والا چیف جسٹس مزید تباہی کی بجائے فی الفور مستعفی ہوجائے۔
عدالتیں قوموں کو بحرانوں سے نکالتی نہ کہ بحرانوں میں دھکیلتی ہیں۔چیف جسٹس نے نہ جانے کونسا اختیار استعمال کر کے اکثریتی فیصلے پر اقلیتی رائے مسلط کردی۔اپنے منصب اور آئین کی توہین کرتے ہوئے PTI کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے والا چیف جسٹس مزید تباہی کرنے کے بجائے فی الفور مستعفی ہو جائے۔
— Nawaz Sharif (@NawazSharifMNS) April 7, 2023
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ کسی انقلاب کیلئے نہیں بلکہ اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانے کیلئے تھا۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کا انقلاب اس کی 4سالہ حکمرانی میں عوام دیکھ چکی ہے۔ دوسروں کو چور کہنے والا عمران خان خود فارن فنڈنگ کیس میں ملوث ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ، توشہ خانہ اور 50 ارب کی ڈکیتی کے ناقابلِ تردید ثبوتوں کے ساتھ تاریخ کا سب سے بڑا چور ثابت ہوا ہے۔
عمران خان کا لانگ مارچ کسی انقلاب کیلئے نہیں بلکہ اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانے کیلئے ہے۔اسکا انقلاب اسکی 4سالہ حکمرانی میں عوام دیکھ چکی ہے۔دوسروں کو چور کہنے والا عمران خان خود فارن فنڈنگ،توشہ خانہ اور 50 ارب کی ڈکیتی کے ناقابل تردید ثبوتوں کے ساتھ تاریخ کا سب سے بڑا چور ثابت ہوا
— Nawaz Sharif (@NawazSharifMNS) October 26, 2022