ہمسایہ اسلامی ملک ایران کی فوجیں خلیجِ عرب میں جنگی مشقوں میں مصروف ہیں جس کے دوران غلطی سے داغا گیا میزائل اپنی ہی نیوی کی کشتی کو لگ گیا جس کے نتیجے میں 40 فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ کشتی ڈوب گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق جاسک کے علاقے میں ایرانی جنگی بیڑہ عسکری جنگی مشقوں میں مصروف تھا جس کے دوران ایک میزائل غلطی سے فائر ہوا جو ایرانی بحریہ کی کشتی کو لگ گیا۔ کشتی میں 40 فوجی سوار تھے جو کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے۔
دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب حادثے کی وجہ انسانی غلطی کو قرار دے رہے ہیں جبکہ داغے گئے میزائل کے باعث سینئر کمانڈرز سمیت درجنوں اہم فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ واقعے میں اب تک 40 فوجی ہلاک ہوئے ہیں تاہم یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ جنگی مشقوں کے دوران پیش آیا جبکہ سینئر عسکری حکام نے واقعے پر انتہائی افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔
قبل ازیں ایرانی پاسدارانِ انقلاب یوکرین کے ایک مسافر جہاز کو میزائل سے نشانہ بنا چکے ہیں جسے ایرانی حکومت نے انسانی غلطی قرار دیا تھا۔ واقعے کے نتیجے میں 176 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جبکہ امریکا اور دیگر ممالک نے ایرانی حکومت سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔