استنبول: نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے جہاں ترک مسلح افواج کے اعلیٰ عسکری ایوارڈ لیجن آف میرٹ تفویض کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی آج ترکی پہنچے جہاں ترک نیول فورسز ہیڈ کوارٹرز آمد پر ایڈمرل عدنان اُزبال نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی کا استقبال کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی کو ترک نیول فورسز کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر روایتی گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔ ایڈمرل امجد خان نیازی کو ترک بحریہ سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
ترک بحریہ کی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتوں کے دوران ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے باہمی دلچسپی کے امور بشمول علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور پاک ترک بحری تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نےخطے میں امن و استحکام کیلئے ترک مسلح افواج کی کاوشوں کی تعریف کی۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول چیف کا دورۂ ترکی دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔