وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تعلیم، تحقیق اور مباحثے سے قومیں آگے بڑھتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی پالیسیوں میں عوامی شمولیت کیلئے انوویشن ہب کے افتتاح کے موقع وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تعلیم، تحقیق اور مباحثے سے قومیں آگے بڑھتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید علوم عصر حاضر کی ضرورت ہے اور حکومت جدید دور سے ہم آہنگ ہونے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جدید پالیسی سازی کے خیالات کے لیے وزارتوں میں باصلاحیت نوجوانوں کے لیے سیل قائم کیے جائیں گے، اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو قومی ترقی میں شامل ہونے کی ترغیب دینا ہے۔
وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا
وزیر اعظم شریف نے کہا کہ جدید منصوبے کو اسٹیک ہولڈرز سے قیمتی آراء ملے گی تاکہ حکومت کو اپنی قومی پالیسیوں کو بہتر اور مزید بہتر بنانے میں مدد ملے، جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کی آج کی دنیا میں بہت اہمیت ہے اور ماہرین، دانشوروں اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تجاویز کے ذریعے حکومت سے رابطہ کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تحقیقی کام کی اہمیت پر زور دیا تاکہ عوام الناس کے فائدے کے لیے مختلف مضامین کے امکانات کو تلاش کیا جا سکے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی طور پر انوویشن ہب کو فروغ دیں گے جو نوجوانوں کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔
وزیر اعظم کے اسٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت انوویشن ہب کے قیام کا بنیادی مقصد عوام کو عوامی پالیسی میں واپس لانا ہے۔