کراچی میں پی ایس ایل 6 کے میچز کے دوران جوا اور سٹہ عروج پر پہنچ گیا۔ ملک بھر سے بکیز اور جواریوں کی نظریں نیشنل اسٹیڈیم پر جم گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیصل کاکا،حنین ساول، سلمان ممو، راحیل کالا، احمد پپو لالہ،عامر آلو، شہزاد قاضی اورامین سمیت دیگر درجنوں چھوٹے بڑے بکی بڑے پیمانے پر سسٹم چلانے لگے اور ملک بھر سے آن لائن سسٹم کے ذریعے بڑے نیٹ ورک کا حصہ بن گئے۔
باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل 6کے سیزن کے دوران نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے چھوٹے اور بڑے بکیزکا کام جاری ہے۔براہ راست نشریات کے چند گھنٹوں کے دوران کروڑوں روپے کی غیر قانونی لین دین جاری ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ابتدائی میچز میں اب تک بکیوں کی جانب سے لگائے گئے اندازے کامیاب رہے جبکہ میچ پر رقم لگانے والے مسلسل ہار کا شکار ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ فیصل کاکا اور حنین ساول شہر کے بڑے بکی مانے جاتے ہیں۔
حنین ساول جدید گاڑیوں میں گشت کے ذریعے سسٹم آپریٹ کررہا ہے جبکہ سپر ہائی وے کا مقام بکیز کا مرکز بن چکا ہے۔ فیصل کاکا اور سلمان ممو بڑے سسٹم کے ذریعے جوا چلانے میں مصروف ہیں۔ اشفاق چارلی کی ہدایت پرشہر کے مختلف مقامات پر جواریوں سے رابطے کئے جارہے ہیں۔
جمشید روڈ کا مکمل علاقہ احمد نامی نوجوان لڑکا چلارہاہے جو کہ بکیوں کی فہرست میں ٹاپ ٹین میں شامل ہوچکا ہے۔عامر آلو، شہزاد قاضی اور امین تاج شہر بھر سے آن لائن جوئے کے نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔
منگل کے روز پشاور زلمی اور ملتان سلطانز پر میچ کیلئے چھوٹے بڑے بکیز سرگرم ہیں، ذرائع نے بتایا کہ دھوراجی کا پوش علاقہ فیصل کاکا نامی بکی آپریٹ کررہا ہے جہاں سے نکلنے والا بھاؤ مرکز کی شکل اختیار کرتا ہے۔
اسی بھاؤ کے تحت دنیا بھر میں میچ اور کھلاڑیوں پر جوا کھیلا جاتا ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت شہر کا ڈسٹرکٹ ایسٹ بکیوں کی آماجگا ہ بن چکا ہے جہاں مبینہ طورپر پولیس بھی بکیز کی بھرپور سرپرستی کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پی ایس ایل میچز پر جوا، عالمی نیٹ ورک بے نقاب، 3 ملزمان گرفتار