اسلام آباد: نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عیدالفطر کے موقع پر ہفتہ بھر کے لیے تعطیلات دینے کی تجویز دے دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کی بگڑی ہوئی صورتحال کے پیش نظر این سی او سی نے عیدالفطر سے دو روز قبل سے ہی تعطیلات دینے کی تجویز دی ہے۔ ذرائع مطابق عیدالفطر پر نقل و حرکت روکنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ شہری انتظامیہ کو عیدالفطر پر شہریوں کو گھروں تک محدود رکھنے کا بھی کہا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے دوران عیدالفطر کے موقع پر سیاحتی اور تفریحی مقامات بند رکھنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق سیاحتی مقامات کی بندش سے شہریوں کی نقل و حمل محدود ہوگی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عیدالفطر سے متعلق سفارشات، متعلقہ اداروں کو ارسال کردی گئی ہیں، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی تعطیلات سے متعلق فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
قبل ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے گزشتہ روز کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کےدوران کورونا سے مزید 70 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اس طرح اب تک انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 187 ہو گئی ہے۔
این سی او سی کے حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ملک بھر میں 8 لاکھ 452 پازیٹو کورونا کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار 161 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4 ہزار 825 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ این سی او سی کے مطابق مجموعی طور پر 1 کروڑ 15 لاکھ 88 ہزار 932 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق اب تک مجموعی طور پر کرونا کے 6 لاکھ 94 ہزار 46 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ 4 ہزار 862 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد 89 ہزار 219 ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کورونا وباء، پاکستان کو بھارت کے تجربہ سے سیکھنے کی ضرورت ہے،میاں زاہد