اسلام آباد: محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کی جائیداد منجمد کرتے ہوئے ان کا نام مشتبہ دہشت گردوں کی فہرست فورتھ شیڈول میں شامل کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔ سعد رضوی کو اصل پاسپورٹ متعلقہ تھانے کے انچارج کو جمع کروانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ مستقل رہائش گاہ سے کہیں اور جانے پر متعلقہ تھانے سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔ سعد رضوی کو کہاں جانا ہے، کس سے ملنا ہے، اس کی بھی تفصیل دینی ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا شناختی کارڈ بھی بلاک کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعد رضوی کوئی بینک اکاؤنٹ استعمال نہیں کرسکیں گے، سعد رضوی کسی قسم کی جائیداد کی خرید و فروخت بھی نہیں کرسکیں گے۔
دوسری جانب نیکٹا نے بھی تحریک لبیک کا نام کالعدم جماعتوں کی فہرست میں شامل کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی 20 اپریل کو اسلام آباد میں مارچ کی تیاری