ریاض: مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی ﷺ میں عید الاضحیٰ کے موقعے پر لاکھوں افراد نے نمازِ عید کی ادائیگی کی سعادت حاصل کر لی ہے۔ عازمینِ حج رمی سمیت دیگر فرائضِ حج کی ادائیگی بھی آج کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق آج حرمین شریفین میں نمازِ عید ادا کی گئی۔ متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے جبکہ حجاجِ کرام نے گزشتہ شب منیٰ میں کھلے آسمان تلے گزاری۔
میدان عرفات میں 18 لاکھ سے زائد عازمین نے خطبہ حج سنا
حجاجِ کرام کی جانب سے شیطان کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ جاری ہے جسے عباداتِ حج میں رمی سے تعبیر کیاجاتا ہے۔ نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد حجاجِ کرام کی جانب سے قربانی کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ کل منائی جائے گی۔
ہر سال تاریخِ اسلام کے برگزیدہ پیغمبر حضرت ابراہیم علیہ السلام کی زندگی کے اہم ترین واقعے کی یاد میں عیدالاضحیٰ منانا دینِ اسلام کے پیروکاروں کا شعار رہا ہے۔ مسلمان ہر سال دو بڑی خوشیاں مناتے ہیں جنہیں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کہا جاتا ہے۔
قرآن و احادیث کی تعلیمات کے مطابق حضرت ابراہیم علیہ السلام نے خواب میں دیکھے گئے واقعے کی بنیاد پر اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ کی راہ میں قربان کرنا چاہا، تاہم اللہ تعالیٰ کے حکم سے جبرائیل علیہ السلام ایک مینڈھا لے آئے اور چھری اس کی گردن پر چل گئی۔
تاہم اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی قبول فرمالی اور اسے رہتی دنیا تک کیلئے یادگار بنا دیا۔ اسی قربانی کی یاد میں مسلمان ہر سال قربانی کرتے ہیں اور عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے اور ادب و احترام کے ساتھ منائی جاتی ہے۔