اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور رکنِ قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ ہم ریڈیو پاکستان کے برطرف ملازمین کا مقدمہ پارلیمنٹ ہاؤس میں لڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ریڈیو پاکستان کے برطرف ملازمین اسلام آباد میں مظاہرہ کر رہے تھے جبکہ اسی دوران پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے مظاہرین سے خظاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم برطرف ریڈیو ملازمین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
خطاب کے دوران پی پی پی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ حکومت نے غیر قانونی طریقے سے رات کے اندھیرے میں ریڈیو پاکستان کے کنٹریکٹ ملازمین کو نکالا۔ حکومت کے ظالمانہ اقدام کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔
رکنِ قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا کہ حکومت نے کوئی مہینہ نہیں چھوڑا جب سرکاری ملازمین کو رسوا کر کے اداروں سے نہ نکالا ہو۔ ہم عوام کی آواز بن کر پارلیمنٹ میں آپ کا مقدمہ لڑیں گے اور حکومت اپنی موت آپ مرے گی۔
پی پی پی رہنما پلوشہ خان نے بھی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کے نکالنے کا حکم موجودہ حکومت نے جاری کیا، اب وزیرِ اعظم عمران خان کا حال دُنیا دیکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں: براڈکاسٹنگ کارپوریشن کا حکم، 700 سے زائد ملازمین برطرف