کراچی: سندھ بھر کے نادرا دفاتر آج پیر سے شہریوں کے لیے کھول دیے جائینگے، کراچی شہر کے 3 نادرا میگا سینٹرز بھی ایک شفٹ کے لیے فعال کردیے جائینگے، نادرا ترجمان کا کہنا ہے کہ میگا سینٹر سمیت دیگر دفاتر کے اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 10 سے دوپہر4 بجے تک ہونگے۔
جمعے کو نادرا دفتری اوقات صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہونگے نادرا دفاتر آنے والے سائلین کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل لازمی قرار دیا گیا ہے دفاترآنے والے شہریوں کو سماجی دوری کو برقرار رکھنے کے لیے متعین کردہ طریقوں پر عمل کرنا لازم ہوگا۔
سائلین اور تصدیق کنندہ کو بھی چہرے کا ماسک پہننا لازم ہوگا نادرا ملازمین کو دوران ڈیوٹی ماسک اور دستانوں کے استعمال کویقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے دفاتر میں رجسٹریشن کے ہر عمل کے بعد انگلیوں کے نشانات لینے والی مشین کو جراثیم کش محلول سے صاف کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عوام سے کہا گیا ہے کہ نادرا دفاتر وہ لوگ آئیں جن کا بائیو میٹرک یا ترمیم وتنسیخ کے لیے دفتر آنا ضروری ہے چار مئی کو دفتر فعال ہونے پر نئی رجسٹریشن اوربائیو میٹرک تصدیق والے سائلین کو ترجیح دی جائیگی۔
شناختی کارڈز کی وصولی کے لئے شہری 15 مئی کے بعد رجوع کرنے کا کہا گیا ہے اور ستمبر 2019سے30 جون 2020تک زائد المعیاد شناختی کارڈ کی مدت رواں سال یکم جولائی تک بڑھائی جاچکی ہے. جبکہ نائیکوپ اور پی او سی کے حامل شہریوں سے کہا گیا ہے کہ قطاروں سے بچنے کے لیے آن لائن رجسٹریشن سروس کا استعمال کریں۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وباء میں شدت اختیار کرنے بعد لاک ڈاؤن کے باعث نادرا دفاتر کو بھی بند کردیا گیا تھا،مگر اب عوام کی سہولت کے لئے انہیں کھولنے کا کہہ دیا گیا ہے۔