لاہور :قومی احتساب بیورو نے تیسری بار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور حزب اختلاف کے قائدشہباز شریف کو آمدن سے زائداثاثوں اور منی لانڈنگ سے متعلق کیس کے حوالے سے طلب کیا ہے۔
اس سے قبل ملک میں موجود ہونے کے باوجود اپوزیشن لیڈر نے دوبار سمن ملنے کے بعد بھی نیب کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی تھی۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کل بروز پیر مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ حاضر ہوں۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے اپنے وکیل کے ذریعہ مطلوبہ دستاویزات پیش کی تھیں لیکن احتساب بیورو اس جواب سے مطمئن نہیں تھا۔
ایک اعلامیے میں نیب نے دعویٰ کیا ہے کہ قانون کے مطابق شہباز شریف کو پیش ہونا چاہئے اور ذاتی طور پر مطلوبہ معلومات فراہم کرنی چاہئیں اور ان کے خلاف جاری تحقیقات میں نیب کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔
قومی احتساب بیورو نے اس سے قبل قومی اسمبلی کے حزب اختلاف کے قائد سے 22 اپریل کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کو کہا تھا۔
مزید پڑھیں: نیب کی گندم اسکینڈل میں بڑی کامیابی، 10ارب سے زائد رقم وصولی کرلی