اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اسپیکر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ ہمارے وعدوں کی تجدید کا دن ہے اور آج کا دن ہمیں ہمارے آباؤ اجداد کی آزادی کیلئے ناقابل فراموش جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور جن قوموں کو ظلم اور استحصال کا نشانہ بنایا جارہا ہے وہ آزادی کی قدر جانتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کا اندازہ ہندوستان کے مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے لوگوں کی حالت زار سے لگایا جاسکتا ہے جو 7دہائیوں سے زیادہ عرصے سے ظلم و بربریت کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے خواب کو پورا کرنے کے لئے قوم کامتحد ہونا ضروری ہے۔
اسپیکر نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کے رہنماؤں کی قربانیوں اور ان کی لازوال کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا جس کی وجہ سے مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں قوم کی ترقی کے لئے دیانتداری اور اخلاص کے ساتھ کام کرنے کی یاد دلاتا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن ہمیں بانیان پاکستان اور ہمارے آباؤ اجداد کی اس ملک کی آزادی کے لئے قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان کا 73واں یوم آزادی