لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت این اے 75 ضمنی انتخاب کیلئے چیمہ برادری پر مہربان ہو گئی جبکہ معطل ایم ایس کو سروسز ہسپتال میں دوبارہ تعینات کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تبدیلی سرکار نے این اے 75 کا ضمنی انتخاب جیتنے کیلئے نئی حکمتِ عملی تیار کر لی ہے۔ وزیر آباد میں چیمہ برادری سے ہمدردی کا ووٹ لینے کیلئے معطل ایم ایس سلیم چیمہ دوبارہ تعینات کردئیے گئے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق سروسز ہسپتال لاہور میں بدانتظامی کے الزام میں نکالے جانے والے سلیم چیمہ کو دوبارہ ایم ایس تعینات کردیا گیا ہے۔ سلیم چیمہ نے حکومت کو تعیناتی سے قبل ضمنی الیکشن میں چیمہ برادری کی حمایت کا یقین دلایا تھا۔
حلقہ این اے 75 میں چیمہ برادری اہم سیاسی اثر رسوخ کی حامل ہے۔ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے حکومت کے ساتھ معاملات طے پانے پر سلیم چیمہ کو سروسز ہسپتال میں دوبارہ تعینات کردیا۔
ڈاکٹر سلیم چیمہ کی مدتِ ملازمت ختم ہونے میں صرف ڈیڑھ ماہ باقی ہے۔ سلیم چیمہ کی سیاسی بنیادوں پر تقرری نے این اے 75 کے ضمنی انتخاب میں شفافیت کی پالیسی پر مختلف سوالات کھڑے کردئیے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک افغان سرحد کے قریب سیکورٹی فورسز کی کارروائی، اسلحہ برآمد