کراچی:عوامی نیشنل پارٹی اور جے یو آئی (ف) نے این اے 249 بلدیہ کی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
مسلم لیگ(ن)کے ایک وفد نے بدھ کو صوبائی جنرل سیکرٹری اور این اے 249 کے نامزد امیدوار مفتاح اسماعیل کی قیادت میں باچاخان مرکز سندھ کا دورہ کیااور اے این پی کے قائدین سے ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان این اے 249 کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر اے این پی سندھ کے جنرل سیکرٹری یونس خان بونیری نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہے اور اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہیں پی ڈی ایم کا حصہ رہیں یا نہیں لیکن جمہوریت اور جمہوری اداروں کی مظبوطی کے لیئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
پارٹی کے صوبائی مشاورتی کونسل کے ممبران سے مشاورت کے بعد مفتاح اسماعیل کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ہمارا مقصد سلیکٹڈ حکمرانوں کا ہر محاذ پر راستہ روکنا ہے اس موقع پر ن لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے اے این پی کی جانب سے حمایت پر انکا شکر یہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اے این پی کے ووٹ اور سپورٹ سے انشاء اللہ کامیاب ہوں گے لسانی یا مسلکی بنیادوں پر فراہمی آب نہیں ہونی چاہئے نوازشریف مضبوط وفاق کے حامی ہیں ن لیگ نے ووٹ کے ساتھ ووٹر کو بھی عزت دی ہے بجلی گیس مواصلات کے شعبوں میں نوازشریف نے کام کیاہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہاکہ ایک مہینہ قبل بلدیہ ٹاون میں ایک ووٹر نے نوازشریف کو چور کہا جواب میں مجھ سے گالی نکل گئی جو نہیں ہونا چاہئے لگتاہے کہ پی ٹی آئی نے سچ نہ بولنے کا حلف اٹھایاہے مرغی کا گوشت انہوں نے 400سے زائد کردیاہے۔
اسدعمر کے بارے میں حفیظ شیخ سے پوچھ لیں وہ کیاکہتے ہیں اوسطاً 11 فیصد پاکستانی غریب ہوچکاہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی طرف سے ابھی ہمیں جواب نہیں ملا ہم نے پانچ سال چینی کی قیمت 55 روپے برقرار رکھی عوام کے پاس اے ٹی ایم نہیں۔