جوہانسبرگ:جنوبی افریقہ کے سپر اسٹار بلے باز اے بی ڈی ویلیئر نے بین الااقوامی کرکٹ میں واپسی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں اسی وقت واپسی ممکن ہے جب میں اچھی فارم میں ہوں۔
جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹسمین اے بی ڈی ویلیئرز نے سنہ 2018 میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا،لیکن اس کے باوجود وہ پاکستان سپر لیگ کا حصہ بنے اور شاندار کھیل پیش کیا، تاہم اب ان کی بین الااقوامی کرکٹ میں واپسی کی راہیں دوبارہ ہموار ہونے لگی ہیں۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ میرے ٹیم ممبران چاہتے ہیں کہ میں جنوبی افریقہ کیلئے دوبارہ کھیلوں اور اس کیلئے جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے مجھ سے رابطہ بھی کیا تھا تاہم اب میں ٹیم میں اسی وقت کھیل سکتا ہوں جب اچھی فارم میں ہوں۔
جنوبی افریقی بلے باز نے کہا کہ میرے لیے سب سے ضروری یہ ثابت کرنا ہے کہ میں دوسرے کھلاڑیوں سے بہتر ہوں اور اس کیلئے اچھی فارم میں ہونا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر مجھے لگا کہ میں ٹیم میں رہنے کے قابل ہوں تو آخری الیون میں شامل ہونا میرے لیے بہت آسان ہوجائے گا۔واضح رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز ایک میچ وننگ بلے باز ہیں۔ ان کی شاندار بلے بازی کی بدولت ان کی ٹیم میں واپسی کے لئے اصرار کیا جارہا ہے۔