کراچی: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے بھتیجے مطاہر علوی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے بھتیجے مطاہر علوی کا انتقال آج ہوا جن کا کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تھا۔مطاہر علوی کا علاج جاری تھا، تاہم وہ کورونا سے جانبر نہ ہوسکے۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے بھتیجے مطاہر علوی کے علاوہ ان کی اہلیہ بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث کراچی کے ساؤتھ سٹی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں جنہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عوام سے اپیل کی کہ لوگ بہت زیادہ احتیاط کریں کیونکہ کورونا کی نئی لہر پہلے سے زیادہ مہلک ہے اور اب یہ بہت تیزی سے بھی پھیل رہی ہے۔حکومت کو ایک بار پھر آپ سے تعاون درکار ہے، سب سے گزارش ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل ہرصورت یقینی بنائیں کیونکہ صرف چند احتیاطی تدابیر اختیار کرکے آپ اپنے پیاروں اور ہم وطنوں کی زندگیوں کو بچا سکتے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت گورنرہاؤس میں کورونا وائرس کی تیسری لہر اوراحتیاطی تدابیر پر عملدرآمد سے متعلق اعلیٰ سطح کااجلاس گزشتہ ماہ 24 اپریل کو منعقد ہوا ۔ اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزراء اسد عمر، علی حیدر زیدی، سینیٹر سیف اللہ ابڑو، مشیرِ بحری امور محمود مولوی، رکن قومی اسمبلی جے پرکاش ، اراکین صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی ، خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ اور بلال غفار سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں: کورونا کی نئی لہرزیادہ خطرناک، عوام احتیاط کریں، صدر عارف علوی