کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کے حالیہ مصنوعی بحران کی وجہ کے الیکٹرک کو فروخت کرنے کی کوششیں ہیں۔
جون کے مہینے کی کلوزنگ میں بیلنس شیٹ اور منافع کو مبینہ خریداروں کے لیے زیادہ سے زیادہ دکھانے کے سلسلے میں کے الیکٹرک نے فرنس آئل کی خریداری نہیں کی تاکہ زیادہ کے الیکٹرک کو منافع بخش ظاہر کرکے مبینہ خریداروں سے اچھی قیمت وصول کی جاسکے۔
دوسری جانب پاکستان میں ہر آنے والی حکومت نے قوم کو مایوسی کے علاؤہ کچھ نہیں دیا۔ کے الیکٹرک کے سربراہ عارف نقوی وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست ہیں جنہوں نے تحریک انصاف کی انتخابی مہم کے دوران فنڈنگ بھی کی۔
پورے پاکستان میں پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ نشستیں اگر کسی شہر سے ملیں ہیں تو وہ کراچی ہے اب وزیراعظم عمران خان پر لازم ہے کہ وہ کم از کم کراچی کے بجلی کے مسائل حل کریں۔ یہ بات انہوں نے کراچی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے عمائدین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کے الیکٹرک کی انتظامیہ نے اہلیان کراچی کے بجائے اپنے مفادات کو ترجیح دی۔
مزید پڑھیں:کے الیکٹرک کی بھتہ خوری ریاست کو کھلا چیلنج،عوام کی سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کی اپیل