کراچی:وزیراطلاعات و بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال ایسی بات کرتے ہیں جیسے ان کے دور میں بلدیاتی اداروں میں دودھ کی نہریں بہتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دشمنی میں مصطفی کمال اور ایم کیو ایم ایک ہیں۔
چیئرمین پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی)کے سربراہ مصطفی کمال کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ این اے 249 کے ضمنی انتخات ہارنے کے بعد مصطفی کمال بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔
وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ مصطفی کمال ایسی بات کرتے ہیں جیسے ان کے دور میں بلدیاتی اداروں میں دودھ کی نہریں بہتی تھیں۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مصطفی کمال نے اپنے دور میں کے ایم سی، واٹر بورڈ اور کے بی سی اے میں بے تہاشہ بھرتیاں کرکے اداروں کو تباہ کیا۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ آج تک ان کے غلط فیصلوں کو نہ صرف بلدیاتی ادارے بلکہ سندھ حکومت بھگت رہی ہے۔انھوں نے پی ایس پی سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بات کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکا کریں۔
انھوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے صرف جولائی 2021 میں 2275.897 ملین روپے کراچی کے بلدیاتی اداروں کو دیے۔ 2275.897 ملین روپے میں سے 1545.879 ملین روپے او زیڈ ٹی اور 730 ملین روپے ریگولر گرانٹ کی مد میں دیے۔
سندھ حکومت نے جولائی 2021 میں صرف کے ایم سی کو 1074.714 ملین روپے فراہم کیے۔ 1074.714 ملین روپے میں سے کے ایم سی کو 474.714 اور زیڈ ٹی شیئر اور 600 ملین روپے گرانٹ دی۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ سندھ حکومت نے ڈی ایم سی سینٹرل کو 246.279 ملین روپے، ملیر کو 11.087 ملین روپے ادا کیے۔ ڈی ایم سی ساتھ کو 170.058 ملین روپے، کیماڑی کو 148.770 ملین روپے، شرقی کو 92.709 ملین روپے ادا کیے۔
سندھ حکومت نے کورنگی کو 174.068 ملین روپے اور ڈسٹرکٹ کونسل کو 137.966 ملین روپے ادا کیے۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مصطفی کمال کراچی کے بلدیاتی اداروں کے چیمپیئن بننے کی کوشش نہ کریں۔
ہمیں پتا ہے آپ نے نائن زیرو اور دیگر علاقوں کے لیے کس طرح بلدیاتی اداروں کو تباہ کیا۔وزیر بلدیات نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے جس طرح کراچی کے بلدیاتی اداروں کو سنبھالا ہے وہ ایک ریکارڈ ہے، ہم نے کسی کو بھی بیروزگار نہیں کیا اور شہر کی خدمت بھی کر رہے ہیں۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی دشمنی میں مصطفی کمال اور ایم کیو ایم ایک ہیں، آج کراچی کے عوام جانتے ہیں کہ ان کے ساتھ کس نے دشمنی کی، کس نے محبت کی۔
انھوں نے کہا کہ جب تک سندھ حکومت کے خلاف بات نہ کریں ان کا کھانا ہضم نہیں ہوتا۔وزیر بلدیات نے کہاکہ تمام نالوں، واٹر بورڈ، ٹریٹمنٹ پلانٹس اور دیگر علاقوں پر تجاوزات مصطفی کمال کے دور میں سب سے زیادہ ہوئے۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنانے کا فیصلہ