اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت میں بے بنیاد الزامات لگا کر قیدِ تنہائی میں رکھے جانے والے یاسین ملک کی جان کو خطرہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کشمیری حریت رہنما کی اہلیہ نے کہا کہ یاسین ملک ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کی جان کو بہت زیادہ خطرہ ہے۔
کشمیری رہنما یاسین ملک کو تہاڑ جیل میں تنہا قید کردیا گیا
حریت رہنما کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے مزید کہا کہ یاسین ملک نے ڈاکٹروں سے طبی امداد لینے سے انکار کردیا ہے۔ واضح رہے کہ حریت رہنما یاسین ملک کو بھارت کی بدنامِ زمانہ تہاڑ جیل کے ہسپتال میں رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو بھارت کی بدنامِ زمانہ تہاڑ جیل کے ایک علیحدہ سیل میں منتقل کرکے قیدِ تنہائی میں رکھا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق تہاڑ جیل کے حکام نے حریت رہنما یاسین ملک کی والدہ اور بہن کو بھی اُن سے ملاقات سے روک دیا جس پر حریت رہنماؤں کی جانب سے مذمتی بیانات سامنے آئے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ تہاڑجیل میں یاسین ملک کی سخت نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ بعدازاں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے بھی یاسین ملک کو جیل کے علیحدہ سیل میں منتقل کرنے کی شدید مذمت کی۔