ڈاکٹر ذاکر نائیک نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کا دنیا کا مہنگا ترین گھر مسلمانوں کی وقف زمین پر ناجائز طور پر قائم کیا گیا ہے۔
پاکستان کے معروف یوٹیوبر اور ولاگر نادر علی کے ساتھ پوڈ کاسٹ کے دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مودی سرکار کے مسلم دشمن اقدامات پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ مودی سرکار کس طرح حالیہ دنوں میں مسلمانوں کے وقف بورڈ کی زمینوں اور اثاثوں کو ہڑپ کرنا چاہتی ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے بتایا کہ بھارت میں مسلمانوں کا وقف بورڈ انڈیا کا تیسرا سب سے دولت مند محکمہ ہے، جس کے پاس انڈین ریلوے کے بعد سب سے زیادہ جائیداد اور اثاثے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مسلمانوں کے خلاف مودی سرکار جہاں اور کئی اقدامات کر رہی ہے وہاں اس نے حالیہ دنوں میں مسلمانوں کے اس دولت مند وقف بورڈ کے قیمتی اثاثوں کو بھی آئین میں ترمیم کے ذریعے ہتھیانا چاہتی ہے۔
اسی دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک نے وقف بورڈ کی املاک کی دولت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مودی سرکار کے چہیتے انڈیا کے دولت مند ترین شخص مکیش امبانی بھی مسلم وقف بورڈ کی زمین پر قابض ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ممبئی میں دو بلین ڈالر کا مکیش امبانی کا گھر ہے، یہ پوری دنیا میں سب سے مہنگا گھر ہے، یہ گھر مکیش امبانی نے مسلم وقف بورڈ کی زمین پر قبضہ کرکے بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے قوانین میں مودی سرکار کی ترمیم سے مکیش امبانی کے اس قبضے کو بھی جواز حاصل ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر نائیک کا یہ سنسنی خیز انکشاف پوڈکاسٹ کے 30 منٹ 19 سیکنڈ پر آتا ہے۔