ریاض: سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان نے شاہی فرمان جاری کرکے ولی عہد محمد بن سلمان کو مملکت کا پہلا وزیر اعظم مقرر کردیا ہے جس کے بعد سعودی کابینہ میں بھی اکھاڑ پچھاڑ کے امکانات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آلِ سعود نے شاہی فرمان جاری کردیا جس کے تحت ولی عہد محمد بن سلمان کو وزیر اعظم کا عہدہ دے دیا گیا جبکہ شہزادہ خالد بن سلمان کو وزیرِ دفاع مقرر کیا گیا ہے۔
ایران اور چین کے درمیان ٹرین سروس جلد شروع ہونے کا امکان
واضح رہے کہ سعودی قانون کے مطابق وزیر اعظم کو حکومت کے سربراہ کی حیثیت حاصل ہے جو سعودی کونسل آف منسٹرز کی بھی سربراہی کرتا ہے۔ وزیر اعظم کا عہدہ شاہ فیصل کے دور سے سعودی فرماں رواؤں کے پاس رہا ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بطور وزیر اعظم تقرری سعودی عرب میں جمہوری نظام کے نفاذ کے حوالے سے مملکت کی تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا قدم قرار دیا جارہا ہے۔سعودی گیزٹ کی رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان ملک کے پہلے وزیر اعظم ہیں۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز آلِ سعود نے شاہی فرمان سعودی آئین کی دفعہ 56 کے تحت جاری کیا۔ گزشتہ روز سامنے آنے والے فیصلے کے مطابق وزیر اعظم کے تقرر کے بعد سعودی کابینہ میں بھی ردو بدل کے امکانات ہیں۔