کراچی:ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم پاکستان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس صرف میڈیا پبلسٹی کا بہانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی بجٹ کو بخوبی پڑھ لیتے تو یہ نوبت ہی نہ آتی۔ بجٹ کو بہانہ بنا کر احتجاجی رویوں میں شدت پسندی ان کا پرانا حربہ ہے جو یہ استعمال کرتے ہیں، کراچی سمیت سندھ بھر اور خصوصا شہری علاقوں کے عوام انہیں اچھی طرح جان چکے ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کو سیاسی دا پیچ سے گھمانا ایم کیو ایم کا پرانا حربہ ہے،پیپلز پارٹی نے تین دہائیوں تک فاشزم کا مقابلہ کیا ہے،عوام اب انکے ہتھکنڈوں میں آنے والے نہیں ہیں۔
بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ احتجاج اور دھرنے کی آڑ میں شہر کا امن تباہ کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں ایم کیو ایم کی قیادت خود سیاست سے لاعلم ہے پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کی طرح سولو فلائٹ سینڈروم سے میلوں دور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ کو آڑ بنا کر ایم کیو ایم شہر میں کیا کرنا چاہتی ہے؟ پیپلز پارٹی جمہوریت کی نمائندہ پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے سندھ حکومت نے ایک عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے مشکل معاشی حالات کے باوجود سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔