لاہور: مسلم لیگی ایم پی ایز کی وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی کہانی سامنے آگئی۔ این اے 169 کے رکن قومی اسمبلی چوہدری نور الحسن تنویر نے وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کرنے والے دونوں لیگی ایم پی ایز سے وضاحت طلب کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی نے نون لیگ کی وکٹ گرانے کی خبریں جھوٹ قرار دے دیں۔ ایم این اے نورالحسن تنویر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جو دعوے کئے وہ جھوٹ ہیں۔ تمام اراکین اسمبلی نواز شریف کی قیادت اور بیانیے کے ساتھ ہیں۔
پی پی 244 سے چوہدری ارشد اور پی پی 241 سے چوہدری کاشف محمود کا وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کو اعتماد کے اظہار کا نام دینا سراسر پروپیگنڈہ ہے۔
چوہدری ارشد کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات حلقے کے عوام کے لیے کی نون لیگ کو خیر باد نہیں کہہ رہا۔ عثمان بزدار ہارون آباد فورٹ عباس روڈ کا اعلان کرنے کےلئے آرہے تھے جس پر ان سے فنڈز جاری کرنے کی درخواست کے لیے ملاقات کی۔عثمان بزدار نے فنڈز جاری کرنے کا وعدہ کیا مگر خبر کچھ اور جاری کر دی۔
نواز شریف شہباز شریف اور انکی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ سینیٹ سمیت ہر معاملے پر نون لیگ کے ساتھ ہیں۔ بھارتی وزیر اعلی سے ملاقات نہیں کی خبر کو غلط انداز سے حکومت نے پیش کیا۔
چوہدری کاشف محمود کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار سے ملاقات کر کے کوئی جرم نہیں کیا.حکومت کی جانب سے ملنے کو وفاداری تبدیل کرنے سے تشبیہہ دینا سراسر غلط ہے۔ پیدائشی لیگی ہیں اور نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ ہیں سینیٹ میں نون لیگ کو ہی ووٹ دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب سے ناراض پی ٹی آئی کے ارکان کی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات