ڈیرہ اسماعیل خان: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جان کو ایک بار پھر خطرہ لاحق ہوگیا، علاقہ پولیس نے جے یو آئی (ف) سربراہ کو ایڈوائزری نوٹس بھجوا دیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو بھجوائے گئے ایڈوائزری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہمیں ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ آپ دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں۔
سینئر اپوزیشن رہنما مولانا فضل الرحمان سے کہا گیا ہے کہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ اپنی حرکت کو خفیہ اور راز میں رکھیں اور اپنے گھر پر سی سی ٹی وی کیمرے لگوائیں۔
ایڈوائزری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اپنی حفاظت اور گھر کیلئے پرائیویٹ سیکیورٹی کا بندوبست کریں۔ لائسنس اور اسلحہ اپنی حفاظت کیلئے پاس رکھیں۔ رات کے وقت بے جا نقل و حرکت نہ کریں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اپنے گھر کے دروازے اندر سے بند رکھیں جبکہ مولانا فضل الرحمان کے ترجمان کے مطابق اس سے قبل مولانا فضل الرحمن پر تین خود کش حملے ہوچکے ہیں۔
ترجمان مولانا فضل الرحمان کے مطابق اس سے قبل بھی مولانا فضل الرحمن کو ایڈوائزری نوٹس موصول ہوچکے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے مولانا سے سیکیورٹی بھی واپس لے لی ہے۔اگر کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔