ڈیرہ اسماعیل خان: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ایجنٹ عمران خان کی حمایت کر رہے ہیں، ان کی حکومت کا تختہ ہم نے اُلٹا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کسی اور پر الزام نہ لگائیں، ہم نے پارلیمنٹ کے ذریعے تمہاری حکومت الٹ دی۔ آج یہ لوگ بلوں میں چھپ گئے ہیں۔
کراچی کا مینڈیٹ اغوا کیا گیا، دوبارہ الیکشن کروایا جائے، سراج الحق
تقریب سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2018ء میں جو دھاندلی کا الیکشن ہوا، اس کے سرپرست کو جانتے ہیں، ہم بڑے بڑے تاریخی جلسے کرچکے، تمہاری حقیقت دنیا کو بتائی۔ ہمارے ملک گیر مظاہرے اور جلسے پر امن تھے۔
خطاب کے دوران پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ ہمارے جلسوں اور مظاہروں کے دوران ایک گملا بھی نہیں ٹوٹا۔ چند روز پہلے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کے دوران ریاست کی عزت و ناموس اور حدود کو سمجھا، سپریم کورٹ کے گملوں کا بھی خیال رکھا گیا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا کہ آپ نے احتجاج کے دوران ریاست پر، کور کمانڈر کے گھر پر، جی ایچ کیو پر اور شہداء کی یادگاروں پر حملے کیے۔ چکدرہ کے قلعے پر بھی حملہ کیا گیا اور عوام پر فائرنگ کی گئی۔ ہم نے پہلے ہی دن جو کہا تھا، وہ ٹھیک نکلا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایک شخص نے تعمیر و ترقی کے منصوبے کو روکا۔ سی پیک کسی سڑک کا نہیں بلکہ تجارتی شاہراہ کا نام ہے۔ اقتصادی راستے کے ساتھ انڈسٹریل ایریا بنے گا۔ حکومت نیا شہر آباد کرے گی۔ ایک ریجنل کارگو ائیرپورٹ بھی بنے گا۔