کراچی میں جیل چورنگی کے قریب ایک موٹر سائیکل سوار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب واٹر ٹینکر کے ڈرائیور مبینہ طور پر ریس لگا رہے تھے جس کی زد میں موٹر سائیکل سوار آگیا۔
ریسکیو حکام نے تصدیق کی کہ متاثرہ شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا تاہم اس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ واقعے کے بعد شہریوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے ٹینکرز جلانا شروع کردیے۔
حادثے کے بعد مشتعل ہجوم نے جیل چورنگی کے قریب پانچ واٹر ٹینکرز کو آگ لگا دی تاہم فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔
قبل ازیں شہر میں ڈمپر اور ٹینکر ایسوسی ایشن کی جانب سے شہریوں کی جانب سے ہونے والے پرتشدد احتجاج کے خلاف مظاہرہ بھی کیا گیا۔
دوسری جانب، سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے جیل چورنگی پر ٹینکرز کو جلانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ یکم جنوری 2025 سے اب تک کراچی میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 100 سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں۔