اسلام آباد:وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ کورونا سندھ میں پھیلا اور پھیل رہا ہے، کدھر ہے وہان کا سخت ترین لاک ڈاؤن۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کہتے ہیں سب سے زیادہ کورونا مریض سندھ میں صحت یاب ہوئے، یہ فخر کی بات نہیں ہے، پرچی چیئرمین اس کا مطلب سب سے زیادہ سندھ میں لوگ بیمار ہوئے تھے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ کورونا سندھ میں پھیلا اور پھیل رہا ہے، کدھر ہے آپ کا سخت ترین لاک ڈاؤن؟۔معاون خصوصی نے کہا کہ ہر بات پریس کانفرنس کی حد تک ہے، حقیقت میں زیرو ہے، کاروکاری، اغوا، گھوسٹ اسکول اور اسپتال، نہ غریب عوام کا کوئی پرسان حال ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ ہر روز بے بی بلاول سمیت ہر وزیر، وفاقی حکومت کو بھاشن دینے شروع ہوجاتے ہیں۔شہباز گل نے کہا کہ 30 سال سے اس طرح کے واقعات ہی سندھ کے غریب عوام کا مقدر ہیں۔
یادرہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں میں سندھ سب سے آگے ہے، صوبے میں 46 ہزار 824 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔