کراچی: سندھ بھر میں گاڑیوں کی چیکنگ سخت کردی گئی ہے، کراچی میں 2000 سے زائد گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں گاڑیوں کے کاغذات اور ضبطی کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمۂ ایکسائز سندھ نے رپورٹ جاری کردی۔ میر پور خاص میں 4 ہزار 66، لاڑکانہ میں 2 ہزار 662گاڑیوں کی چیکنگ ہوئی۔
آئی ایم ایف کے مطالبے پر شرح سود میں 2 فیصد اضافے کا فیصلہ
محکمۂ ایکسائز سندھ کا کہنا ہے کہ بے نظیر آباد میں 1 ہزار 341 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ ٹیکس نادہندہ گاڑی مالکان سے ٹیکس وصولی کی مہم آئندہ ماہ 10 مارچ تک جاری رہے گی۔
صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے گاڑیوں کی چیکنگ کے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں 9 ہزار 46، حیدر آباد میں 9 ہزار 218جبکہ سکھر میں 3 ہزار 509گاڑیاں چیک کی گئیں۔
شہرِ قائد میں مختلف وجوہات کے باعث 2 ہزار 489گاڑیوں کے کاغذات ضبط کر لیے گئے۔ محکمۂ ایکسائز سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں 2 ہزار 139 گاڑیوں کو قبضے میں لیا گیا۔
خیال رہے کہ حکومتِ سندھ نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف مہم رواں ماہ 13فروری سے شروع کر رکھی ہے۔ اب تک سندھ بھر میں 29 ہزار 842 گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کے ساتھ ہی ٹریفک کا بہاؤ کم ہوگیا۔ مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ بغیر نمبر پلیٹ، فینسی نمبر پلیٹ، اپلائیڈ فار رجسٹریشن اور اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں کو ضبط کیا جارہا ہے۔