اگلے مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے زیادہ رقم مختص کی جائے، میئر کراچی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اگلے مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئیزیادہ رقم مختص کی جائے، میئر کراچی
اگلے مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئیزیادہ رقم مختص کی جائے، میئر کراچی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے زیادہ رقم مختص کی جائے اور غیر ترقیاتی اخراجات کم سے کم رکھے جائیں تاکہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جاسکیں۔

وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 450 سے زائد منصوبے جو حکومت سندھ کی جانب سے فنڈز مہیا نہ کئے جانے کے باعث تعطل کا شکار ہیں ان کے لئے اگلے مالی سال کے بجٹ میں اے ڈی پی میں فنڈز مختص کئے جائیں، یہ بات انہوں نے محکمہ فنانس کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں آئندہ مالی سال 2020-21 ء کے بجٹ کی تیاری کا جائزہ لیا گیا اور میئر کراچی نے محکمہ فنانس کو ہدایت کی کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے جو کام سست روی اور تعطل کا شکار رہے ہیں انہیں جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور محکمہ جاتی سربراہان سے ان کے محکموں سے متعلق تجاویز منگوا کر انہیں حتمی شکل دی جائے تاکہ انہیں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کی جاسکیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایسے منصوبوں کو فوقیت دی جائے جن سے براہ راست عوام کو فائدہ پہنچے، انہوں نے کہا کہ اے ڈی پی کے تحت رواں مالی سال میں حکومت سندھ کی جانب سے جو 3300 ملین روپے کے ایم سی کو دیئے جانے تھے ان میں سے صرف 625 ملین روپے ہی اب تک کے ایم سی کو دیئے گئے ہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ 2018-19ء میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کا بجٹ 5 ہزار ملین روپے تھا جسے کم کرکے 2019-20ء میں 3300 ملین روپے کردیا گیا اور یہ رقم بھی اب تک کے ایم سی کو فراہم نہیں کی گئی۔

اسی طرح کے ایم سی کاریونیو لاک ڈاؤن کے باعث بری طرح متاثر ہوا ہے اور کے ایم سی کی اپنے ذرائع سے آمدنی صفر ہو کر رہ گئی ہے جبکہ کے ایم سی کے اسپتالوں میں مریضوں کے دباؤ کے باعث اخراجات میں اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے چار اسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے فلٹر کلینکس قائم کئے ہیں۔

ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے لئے حفاظتی لباس اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ کارڈیک سینٹر لانڈھی میں 100 بستروں پر مشتمل وارڈز کو کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے تیار کیا ہے اور اس اسپتال کو ایک نئی ایمبولینس جو کے ایم سی کو عطیہ کی گئی تھی مہیا کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح عباسی شہید اسپتال میں آنے والے مریضوں کی نگہداشت اور علاج معالجہ بھی جاری ہے، میئر کراچی نے کہا کہ اگلے مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ طبی سہولتوں، اسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے لئے بھی فنڈز مختص کئے جائیں گے، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جون کے وسط تک بلدیہ عظمیٰ کراچی اگلے مالی سال کا بجٹ کونسل میں پیش کر دے گی تاکہ منتخب نمائندوں کی کونسل سے اس بجٹ کو پاس کروایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مختص رقم ہمیں فراہم کردیتی تو کراچی کے سینکڑوں ترقیاتی منصوبے اب تک مکمل ہوچکے ہوتے، میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی اپنے وسائل سے جس قدر ممکن ہوسکا رقم ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی ہے۔

Related Posts